23 جنوری 2015 - 20:18
روس کی امریکا کو تعلقات منقطع کرنے کی دھمکی

روس کو عالمی مالیاتی نظام سویفٹ سے الگ کیا گیا تو وہ امریکہ کے ساتھ اپنے تعلقات منقطع کر لے گا-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ روس کے سب سے بڑے بینک "ونش تورک بینک" کے سربراہ آندرے کوسٹین نے امریکہ کو خبردار کیا ہے کہ اگر روس کو عالمی مالیاتی نظام سویفٹ سے الگ کیا گیا تو روس امریکہ کے ساتھ اپنے تعلقات منقطع کر لے گا- ارنا نے روسی خبررساں ایجنسی ایتارتاس کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ آندرے کوسٹین نے جمعہ کے روز سوئٹزرلینڈ میں جاری ڈیووس اجلاس میں کہا ہے کہ روس نے سویفٹ کا متبادل نظام تیار کیا ہے- انہوں نے کہا کہ روس چین میں اپنے تجارتی حلیفوں سے مالی معاملات کی ضمانت کے مسئلے کے بارے میں بات چیت کر رہا ہے- روسی صدر کے قریبی ساتھی بتائے جانے والے آندرے کوسٹین نے مزید کہا کہ میں اس بات پر تاکید کرنا چاہتا ہوں کہ اگر روس کو سویفٹ سسٹم سے حذف کیا گیا تو روس اور امریکہ کے تعلقات انتہائی کشیدہ ہو جائيں گے- انہوں نے مزید کہا کہ جس روز یہ واقعہ رونما ہوگا اس کے اگلے دن امریکی سفیر کو ماسکو سے جانا ہو گا اور واشنگٹن میں روسی سفیر بھی اپنے وطن واپس آ جائے گا- روسی بینک کے سربراہ نے مزید کہا کہ یہ مسئلہ روس اور امریکہ کو مسلح تنا‌زعہ یا سرد جنگ کے دہانے پر لے جائے گا۔ آندرے کوسٹین نے یہ بات بیان کرتے ہوئے کہ یہ مسئلہ صرف ونش تورک بینک یا روس کے بینکنگ سسٹم کی مشکل نہیں ہے، مزید کہا کہ ایسی صورت حال انتہائی خطرناک ہو گی اور کوئی بھی نہیں چاہتا کہ یہ مسئلہ پیدا ہو۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲